بنگلورو،27؍جنوری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے پرائمری وسکنڈری تعلیم ایس سریش کمار نے محکمہ پی یو تعلیم کے ڈائرکٹر کو ہدایت دی ہے کہ ہوستگر تعلقہ کے ہنیا گاؤں کی پی یو سی سال دوم کی طالبہ کے پرچوں کی ازسرنو جانچ کے دوران کم مارکس دینے کے معاملہ میں قصوروار افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے سریش کمار نے یہ ہدایت دی اور بتایا کہ پی یو امتحان میں اکاؤٹنسی مضمون میں 99مارکس حاصل ہونے کے بعد 100مارکس کی متمنی طالبہ نے جوابی پرچہ طلب کیا تو ایک نمبر کم آنے کا اعتراف ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جب طالبہ نے ازسرنو جانچ کے لئے عرضی داخل کی تو دوبارہ 88مارکس آئے جس کے خلاف طالبہ نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جس کے بعد ہائی کورٹ نے دوبارہ جانچ کی ہدایت دی جس کے بعد 100مارکس آئے۔
انہو ں نے ازسرنو جانچ کے دوران غلطی کرنے والے افسروں، پروفیسرس اور متعلقہ عملہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے محکمہ پی یو تعلیم کے ڈائرکٹر محکمہ پرائمری وہائر ایجوکیشن کے جنرل سکریٹری کو ہدایت دی۔ یاد رہے کہ ہنیا گاؤں کی ایچ۔آر۔ دھرنی نامی طالبہ نے اکاونٹنسی میں 99مارکس حاصل کئے تھے اور ازسرنو جانچ کی عرضی داخل کرنے کے بعد 88مارکس درج کئے گئے۔